بورے والا: نواحی قصبہ گگومنڈی کے مین بازار میں زرگر کی دوکان پر مسلح ڈکیٹی کی واردات کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوﺅں کی فائرنگ سے دو غریب ریڑھی بان جاں بحق جبکہ زرگر معمولی زخمی ہو گیا ۔ ہزاروں افراد نے نعشیں سڑک پر رکھ کر لاہور ملتان روڈ کو بلاک کرکے تھانہ گگو منڈی کا گھیراﺅکیا اور احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ گھنٹے تک ٹریفک کو معطل کیے رکھا ۔تفصیلات کے مطابق آج ڈیڑھ بجے دن گگو منڈی کے مصروف ترین مین بازار میں واقع شوکت جیولرز کی دوکان میں تین نقاب پوش مسلح نوجوان ڈاکو داخل ہو گئے اور وہاں پر موجود شوکت زرگر کے بیٹے شہزاد شوکت پر اسلحہ تان لیا اوردوکان میں موجود لاکھوں روپے کے 18تولہ کے طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی جب زرگر شہزاد نے کاﺅنٹر کے نیچے اسلحہ نکالا تو ایک ڈاکو نے اس پر سیدھا فائر کیا جس سے شہزاد کا ہاتھ زخمی ہو گیا جب ڈاکو جائے واردات سے فرار ہونے کی کوشش کرنے لگے تو دوکان کے باہر موجود فروٹ فروش 20سالہ محنت کش نوجوان بشارت نے ایک ڈاکو کے سر میں ڈنڈا دے مارا جس سے اس کا سر پھٹ گیا اور وہ نیچے زمین پرگر پڑا تو زخمی ڈاکو کے ساتھیوں نے ریڑھی بان بشارت علی ولدمحمد اقبال سکنہ چک نمبر247ای بی اور اس کے ساتھ کھڑے دوسری ریڑھی بان فہیم انور ولد حاجی انور سکنہ چک نمبر367ای بی موقع پر فائرنگ کردی جس سے وہ شدید زخمی ہو کر رورل ہیلتھ سنٹر پہنچتے ہی جاں بحق ہو گئے ۔مسلح ڈاکو اسلحہ لہراتے ہوئے بھرے بازار میں موٹر سائیکل نمبری 1287پر فرار ہو گئے۔ وقوعہ کے خلاف فوری طور پر سارے دوکانداروں نے احتجاجا اپنی دوکانیں بند کر کے نعشیں لاہور ملتان روڈ پر رکھ کر ٹریفک بلاک کر دی اور مشتعل ہجوم نے تھانہ گگو منڈی کا گھیراﺅ کرکے نعرہ بازی کی اور تھانہ کی توڑ پھوڑ کی کوشش کی تاہم گگو منڈی کی سیاسی و سماجی شخصیات چوہدری محمد یونس کسیلیہ، میاں احد شریف ،حاجی محمد اکبر واہلہ اور چوہدری لیاقت علی وغیرہ نے مداخلت کرکے لوگوں کو پرامن رہنے پر آمادہ کیا ۔وقوعہ کی سنگینی کے پیش نظر اے ایس پی بورے والا آصف احمد بگھیو،ڈی ایس پی انوسٹی گیش وہاڑی مختار احمد جو ئیہ موقع پر پہنچ گئے اور مظاہرین کے مطالبہ پر ان سے مذاکرات کرتے ہوئے قاتلوں کی جلد گرفتاری اور ان کوقرار واقعی سزا کی یقین دہانی کے بعد پانچ گھنٹے معطل لاہور ملتان روڈ پر ٹریفک بحال کروائی اور دونوں مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بورے والا روانہ کر دی گئیں دوسری جانب ڈی پی او وہاڑی کی ہدایت پر پولیس کی خصوصی ٹیمیں ڈاکوﺅں کے تعاقب میں روانہ کی جا چکی ہیں ۔
0 تبصرے:
اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔