Pages - Menu

جمعرات، 25 اپریل، 2013

  انتظامیہ نے شہر کے مرکزی گول چوک سے تجاوزات ختم کر کے اس کو کشادہ اور خوبصورت بنا دیا
بورے والا : انتظامیہ نے شہر کے مرکزی گول چوک سے سالہا سال سے کی گئی تجاوزات کے خاتمہ کے بعد اس کو کشادہ اور خوبصورت بنا دیا ۔ ڈی سی او وہاڑی جاوید محمود بھٹی نے اسسٹنٹ کمشنر ایڈمنسٹریٹر ٹی ایم اے نعیم اللہ بھٹی اور ٹی ایم او چوہدری نعیم اللہ وڑائچ اور ٹی ایم اے کے دیگر افسران کے ہمراہ گذشتہ شب تین بجے تک خود موقع پر کھڑے ہوکر مذکورہ چوک میں سایہ دار درخت اورپھولدار پودے لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز کیا اور چوک کی خوبصورتی کے لئے بنائے گئے ماسٹر پلان کا جائزہ لیا ۔ دریں اثناءبورے والاویلفیئر سوسائٹی کے صدر رانا نثار احمد خان صدر مرکزی انجمن تاجران محمد جمیل بھٹی ،صدر ریشم گلی بازار بزرگ مسلم لیگی رہنماءچاچا محمد اسلم ،سابق صدر بار ایسو سی ایشن مہر طاہر امجد ایڈوکیٹ سمیت دیگر سیاسی سماجی شہری حلقوں کے نمائندہ افراد نے ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم اے بورے والا کے حکام کی طرف سے بازاروں میں تجاوزات کے خاتمہ اور با لخصوص گول چوک کو قبضہ مافیا سے واگزار کروانے کی کاروائی پر خراج تحسین پیش کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ بورے والا شہر کے دیگر بازاروں میں قبضہ مافیا کے خلاف موثر آپریشن کر کے عوام کو درپیش مشکلات کا ازالہ کیا جائے ۔
پاکستان پیپلز پارٹی ملک و قوم کی خدمت پر یقین رکھتی ہے
بورے والا : پاکستان پیپلز پارٹی ملک و قوم کی خدمت پر یقین رکھتی ہے ۔ 5سال تک حکومت میں رہ کر اقتدار کے مزے لوٹنے اور ترقیاتی کاموں سے کمیشن وصول کر نے والے کس منہ سے پارٹی پر انگلیاں اٹھار ہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے امیدوار صوبائی اسمبلی الحاج سردار خالد سلیم بھٹی نے حلقہ 233کے مختلف چکوک 491,489سکندر آباد اور چک نمبر 305ای بی میں مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ الحاج سردار خالد سلیم بھٹی امیدوارصوبائی اسمبلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی قربانیوں کے بدولت زندہ جاوید ہے ۔ جس نے بھی پارٹی سے غداری کی وہ اپنی موت آپ مر گیا ۔ گذشتہ انتخابات میں کامیابی کے بعد میں نے جو ترقیاتی کام کروائے یہ کسی پر احسان نہیں تھا ۔ یہ آپ کا حق اور میرا فرض تھا۔ میں نے کبھی تھانہ کچہری کی سیاست نہیں کی ۔ میں نے حلقہ کو فحاشی کے اڈوں سے پاک کیا ۔ اب آپ کا کام ہے کہ 11مئی کو وٹ کا استعمال کر تے ہوئے اچھے اور برے میں تمیز رکھیں ۔ زانی ،شرابی اور راشی امیدواروں کی بجائے باکردار نیک اور صالح نمائندوں کا انتخاب کریں ۔ کارنر میٹنگز سے پیپلز پارٹی کے امیدوارقومی اسمبلی کرنل (ر)راﺅ عابد علی خا ن کے بھائی راﺅ فریاد علی خاں،نذیر احمد تسنیم ،ممتاز جٹ اور اشفاق احمد کچھی نے بھی خطاب کیا ۔ چک نمبر 305ای بی میں چوہان برادری کے سرکردہ افراد عبد الحنان چوہان اور قاری چوہان نے ساتھیوں سمیت حمایت کا اعلان کیا۔
جامعہ عربیہ اسلامیہ کی طرف سے این اے 167سے متحدہ دینی محاذ کے امیدوار راﺅ حبیب الرحمن کی حمایت کا اعلان
بورے والا :  جامعہ عربیہ اسلامیہ کے مہتمم شیخ الحدیث علامہ عبد الرﺅف نعمانی اور انکے ادارے کی تمام شاخوں کے ذمہ داران نے این اے 167سے متحدہ دینی محاذ کے امیدوار راﺅ حبیب الرحمن کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق مدرسہ عربیہ اسلامیہ میں علماءکرام کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتہائی غورو فکر کے بعد باہمی مشاورت سے متحدہ دینی محاذ کے امیدوار راﺅ حبیب الرحمن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم تمام علماءکرام متحد ہو کر راﺅ حبیب الرحمن کا ساتھ دیں گے تاکہ مذہبی قوت اسمبلی میں پہنچ سکے اور جن لوگوں نے ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کیا ہوا ہے اور مدارس کے خلاف کمر بستہ ہیں انکا خاتمہ ہو سکے ۔

0 تبصرے:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔