Pages - Menu

ہفتہ، 5 اپریل، 2014

خالد احمد کی شاعری کی پہچان ان کا صوفیانہ انداز ہے۔ اے غفار پاشا

بورے والا : خالد احمد کی شاعری کی پہچان ان کا صوفیانہ انداز ہے۔ ان خیالات کا اظہار ممتازقانون دان،معروف صحافی، انشائیہ نگار اور استاذالشعراءاے غفار پاشا نے ادبی تنظیم نظمینہ کے زیر اہتمام خالد احمد کی یاد میں رکھی گئی محفل مشاعرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خالد احمد غزل اور نظم کے مقبول شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ڈرامہ نویسی اور کالم نویسی میں بھی طاق تھے۔ خالد احمد کی تخلیقی شاعری نے ایک جہان کو متاثر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ خالد احمد کی تخلیقات پر جب تحقیق ہوگی تو اور بھی بہت سے پہلو منظر عام پر آئیں گے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی درویش شاعر اصغر علی نادم نے کہا کہ واقعی خالد احمدکی شاعری کا بڑا نام ہے۔ اور سب سے الگ ان کی پہچان ہے ۔ میزبان صدر ”نظمینہ “ زعیم رشید نے کہا کہ خالد احمد کی درویشانہ شخصیت ان کی شاعری میں رچی بسی ہے لوگ شاعر ہوتے ہیں لگتے نہیں مگر خالد احمد ایسے شاعر ہیں جو لگتے بھی تھے۔تقریب کے نقیب وحید قریشی نے کہا کہ زعیم رشید کی وساطت سے خالد احمد سے میری جو ملاقاتیں ہوئیں وہ میرا قیمتی سرمایہ ہیں ۔ بعدازاں محفلِ مشاعرہ ہوئی جس میں درج ذیل شعرا نے خوبصورت کلام سنایاجن میں اے غفار پاشا، اصغر علی نادم، زعیم رشید، وحید اختر قریشی،عبدالسلام دانش، بشارت علی راحل، ندیم صابر عادل حسین عادل، اقبال غوری اورغیور حسین سائل شامل ہیں۔ تقریب میں تلاوت کی سعادت ماجد ایاز مرزا جبکہ نعت رسولِ مقبول عبدالرحمن نے پیش کی۔ زعیم رشید نے خالد احمد کی یاد میں منظوم کلام بھی پیش کیا اس موقع پر پپی شہزادہ ، سمیر مرتضیٰ، بابر علی شہزاد، محسن رضا، ابشام رضا پاشا سمیت کئی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

0 تبصرے:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔