Pages - Menu

ہفتہ، 4 مئی، 2013

سونامی کے حامیوں کا آزاد امیدوار چوہدری عثمان وڑائچ کے ذیلی انتخابی دفتر پر حملہ پانچ افراد زخمی

بورے والا : پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کا آزاد امیدوار چوہدری عثمان احمد وڑائچ کے ذیلی انتخابی دفتر پر حملہ ۔ دفتر میں توڑ پھوڑ ،تشدد سے فریقین کے پانچ سے زائد افراد زخمی ۔ آزاد امیدوار کے حامیوں کا احتجاج ،معصوم شاہ روڈ پر دھرنا ،کاروائی کا مطالبہ ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے گذشتہ روز آزاد امیدوار چوہدر ی عثمان احمد وڑائچ کے ذیلی انتخابی دفتر واقع معصوم شاہ روڈ پر مسلح ہو کر حملہ کر کے دفتر میں توڑ پھوڑ کر دی جس سے دفتر کا سامان ٹو ٹ گیا ، مزاحمت پر چوہدر ی عثمان احمد وڑائچ آزاد امیدوار کے حامی محمد عابد ۔ محمد شمشیر ۔ مرزا محمد عمران  اور پی ٹی آئی کے کارکن بھی زخمی ہو گئے جن کی تعداد پانچ سے زائد بتائی جاتی ہے ۔ واقعہ کے خلاف آزاد امیدوار چوہدری عثمان احمد وڑائچ کے حامیوں نے شیخ عمر کی قیادت میں احتجا ج کیا اور معصوم شاہ روڈ پر دھرنا دیکر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ۔ چوہدری عثمان احمد وڑائچ اپنے ساتھیوں سمیت موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے اپنے حامیوں کو پر امن رہنے کی تلقین کی ۔ ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاﺅن چوہدری عبد الکریم کے مطابق زخمیوں کو علاج کے لئے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے ۔ ڈاکٹری نتیجہ اور درخواست کی روشنی میں فریقین کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
 الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری
بورے والا : الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی کھلم کھلا خلاف ورزی جاری ۔ امیدواروں کی جانب سے بغیر اجازت شارع عام پر جلسوں ،ریلیوں ،انتخابی جلسوں میں غیر مہذب گفتگو ،آتشبازی اور قواعدو ضوابط کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں کی چشم پوشی ،جلسوں میں ڈائریکٹ بجلی چوری پر واپڈا خاموش ،بورے والا شہر اور اسکے مضافات میں انتخابی سرگرمیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں ۔ اس انتخابی مہم میں امیدواروں کی جانب سے شہر اور گلی محلوں میں منعقد کر وائی جانے والی کارنر میٹنگز اور جلسوں میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بغیر اجازت کے شارع عام کو بلاک کر کے جلسوں کا انعقاد ،آتشبازی ،جلسوں میں ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری ،انتخابی جلسوں میں ایک دوسرے کے خلاف غیر مہذب زبان کا استعمال اور شہر میں سینکڑوں موٹر سائیکل سواروں کی بغیر سائلنسر موٹر سائیکلوں پر ریلیوں نے شہریوں کا سکون بر باد کر دیا ہے ۔ اس تمام تر صورتحال کی خفیہ رپورٹر الیکشن کمیشن حکام کو باقاعدگی سے ارسال ہو رہی ہیں لیکن ان رپورٹس پر تا حال کوئی اہم کاروائی سامنے نہ آنے سے عوامی حلقوں میں الیکشن کمیشن کا ضابطہ اخلاق سوالیہ نشان بن چکا ہے ۔ مقامی عوامی حلقوں نے الیکشن کمیشن سے ضابطہ اخلاق پر عملدارآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔
بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی
بورے والا: بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ۔ تفصیلات کے مطابق بورے والا شہر اور دیہات میں میپکو کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع ہے ۔ روزانہ 12سے 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس سے کارو باری زندگی معطل ہو کر رہ گئی ہے ۔ نمازروں کے اوقات میں نمازی پانی سے محروم ،سکولوں میں بچے پانی کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدت پیاس سے نڈھال ۔ واٹر فلٹریشن پلانٹس پر ہاتھوں میں برتن پکڑے لوگوں کی لمبی قطاریں ۔ پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ۔سپلائی کے دوران بار بار تعطل کی وجہ سے الیکٹرونکس کے متعلقہ گھریلو اشیاءجل کر تباہ ۔ عوام کا پیمانہ صبر لبریز ہونے کے قریب ۔ بورے والا کے شہریوں چوہدری یاسین ،اسد شہزاد خاں ،چوہدری فقیر حسین ،محمد ندیم ،محمد سلیم ، میاں محمد حفیظ اور چوہدری خالد نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں کمی لائے تا کہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں ۔

0 تبصرے:

اگر ممکن ہے تو اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔